چیئرمین پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل رانا منور حسین کی زیر صدارت کونسل کا 35 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کل 5 ایجنڈے پیش کیے گئے۔ پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کے 34 ویں اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ تقسیم زکوٰۃ کے طریقہ کار میں آسانی، جدت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایات جاری کی گئی۔ ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کی تشکیل اور گزارہ الاؤنس کی تقسیم کے عمل بارے فیصلہ کیا گیا۔ مالی سال 25-2024 کے فنڈز کی تقسیم بارے اہم فیصلہ کیا گیا۔ تمام باقی رہ جانے والی رقم کو متعلقہ افراد اور اداروں میں تقسیم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو تعلیمی وظائف (ریگولر) برائے سال 25-2024 کے فنڈز کی تقسیم کی منظوری دی گئی۔ ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو تعلیمی وظائف ( دینی مدارس ) برائے سال 25-2024 کے فنڈز کی تقسیم کی منظوری دی گئی۔ زکوٰۃ کی رقم حقیقی مستحقین تک شفافیت سے پہنچانے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔ زکوٰۃ کی مقدس امانت میں خیانت و خرد برد کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ محکمہ زکوٰۃ و عشر کی خدمات کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ محکمہ زکوٰۃ و عشر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ چیئرمین پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل رانا منور حسین نے کونسل سے خطاب کیا۔ چیئرمین رانا منور حسین کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ رقم کی تقسیم میں خیانت کرنے والوں کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی ہو گی بلکہ انکو گرفتار بھی کیا جائے گا۔ زکوٰۃ و عشر کونسل کے فرائض سنت نبوی پر عمل پیرا ہو کر ادا کریں گے۔ محکمہ زکوۃ و عشر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان میں سب سے زیادہ لوگ فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں۔






