مورخہ20.12.2022 کو پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کا 25 واں اجلاس زیر صدرات جناب ملک واصف مظہر، ایم پی اے،چیئرمین پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل منعقد ہوا جس میں بابر امان بابر، سیکریٹری زکوٰۃ و عشرپنجاب، فاضل ممبران پنجاب زکوٰۃ وعشرکونسل اور مختلف صوبائی محکمہ جات کے نمائندگان کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ وعشرپنجاب نے شرکت کی۔
اجلاس میں متوقع زکوٰۃ بجٹ برائے سال2022-23 کے لئے 05 ارب 80 کروڑروپے کے تخمینہ کی منظوری دی گئی۔ کونسل نے گزارہ الاؤنس کی مد میں 03 ارب19 کروڑ روپے، نابینا افراد کے لئے گزارہ الاؤنس مبلغ 20 کروڑ 30لاکھ روپے،جزام کے مریضوں کے لیے گزارہ الا ؤ نس مبلغ 12 لا کھ روپے، صوبائی، ضلع و تحصیل سطح کے ہسپتالوں میں غریب اور نادار افراد کے مفت علاج و معالجے کے لئے 23کروڑ 20 لاکھ روپے، مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے 14 کروڑ 50لاکھ روپے،دینی مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے بھی14 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ تعلیمی وظائف فنی کی مد میں 75 کروڑ 40 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تاکہ مستحق طلباء و طالبات ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں مفت فنی تربیت حاصل کر سکیں۔ علاوہ ازیں سماجی بحالی بشمول شادی گرانٹ کی مد میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی تاکہ مختلف شعبوں میں چھو ٹے درجے کے کاروبار کے لیے رقوم فراہم کی جا سکیں۔ نیزاس سال سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے مستحق متاثرین کے لیے 05 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔اجلاس میں 20 ضلع زکوٰۃ وعشر کمیٹی ہائے جن میں رحیم یار خان، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکو ٹ، گجرات، حافظ آ باد، منڈی بہا ؤالدین، قصور، ننکانہ صاحب، خانیوال، جہلم، چکوال، فیصل آباد، ملتان، لودھراں، وہا ڑی اور بھکر شامل ہیں کے چیئرمین نامزدکرنے کی منظوری دی گئی۔ کونسل نے زکوٰۃ پیڈ سٹاف کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی۔






