زکوٰۃ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے۔ قرآن و سنت کے مطابق اسے ایک ادارے کی حیثیت حاصل ہے اور یہ ادارہ رسولﷺاور خلیفہ حضرت ابوبکر صدیق کے دور میں بھی فعال تھا۔ پاکستان میں، اس ادارے کے قیام کا تصوراسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین (1973ء) کے آرٹیکل 31 (سی) میں پیش کیا گیا، جس کے مطابق ریاست زکوٰۃ اور عشر کے نظام کے نفاذ کی ذمہ دار ہے۔ اس شق کی پیروی کے تحت زکوٰۃ و عشر آرڈیننس 1980 ء جاری کیا گیا جس کے نتیجے میں 1980ء میں محکمہ زکوٰۃ و عشر وجود میں آیا۔ یہ محکمہ18ویں ترمیم کے تحت منتقل ہونے سے قبل 2010ء تک متحدہ فہرست میں شامل رہا۔ اب زکوٰۃ اور عشر صوبائی سطح کا ادارہ ہے۔
زکوٰۃ و عشر ایکٹ 2018ء کے پہلے جدول کی تفصیل کے مطابق زکوٰۃ قانونی طور پر 11 اثاثوں پر عائد ہوتی ہے۔ بینک، کمپنیاں اور دیگر مالیاتی ادارے ان اثاثوں کو زکوٰۃ کی سورس پر کٹوتی کے ذریعے چلا رہے ہیں۔ زکوٰۃ کی کاٹی جانے والی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مرکزی زکوٰۃ فنڈ میں جمع کر دی جاتی ہے۔ زکوٰۃ کی تقسیم مرکزی زکوٰۃ فنڈ سے صوبائی زکوٰۃ فنڈ میں رقوم کی منتقلی کے ذریعے ہوتی ہے جس کے نتیجے میں اسے آبادی کی بنیاد پر تمام اضلاع کی ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو منتقل کر دیا جاتا ہے۔ زکوٰۃ کی اصل تقسیم مقامی سطح پر گاؤں یا محلہ (گلی) کی مقامی زکوٰۃ کمیٹی اور دیگر ادارے جیسے دینی مدارس، سرکاری تعلیمی ادارے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کرتے ہیں۔
زکوٰۃ فنڈ اُن غریب اور مستحق مسلمانوں کیلئے ہے جو خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس وقت پنجاب زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ متعدد پروگرام جس میں گزارہ الاؤنس برائے غریب طبقات، شادی گرانٹ برائے غیر شادی شدہ غریب خواتین، ضرورت مند مریضوں کا مفت علاج اور دینی مدارس و سرکاری ادارہ کے مستحق طلباء کےلئے وظائف شامل ہیں، چلا رہا ہے۔ یہ پی وی ٹی سی کے ذریعے غریب اور مستحق نوجوانوں کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام کرتا ہے تاکہ اُن کیلئے خود مختار روزگار کا بندوبست کیا جا سکے۔ ڈیپارٹمنٹ نے اس ضمن میں مالی سال 24-2023 کیلئے مبلغ 4480 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ کے کارکنان صوبے میں غربت میں کمی لانے کے مقصد کے تحت ادارہ کو مزید متحرک بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔
امور و ذمہ داریاں
محکمہء زکوٰۃ و عشر، پنجاب درج ذیل بنیادی امورسرانجام دیتا ہے:
- پنجاب میں زکوٰۃ کے نظام کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے منصوبہ بندی اور پالیسی کی تشکیل
- زکوٰۃ کے سالانہ بجٹ کی تیاری
- زکوٰۃ فنڈ کی تقسیم
- کھاتوں کی دیکھ بھال
- آڈٹ کے انتظامات
- زکوٰۃ کی کٹوتی سے استثنیٰ کے مقدمات پر کارروائی اور استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے اجراء
- عملے کے تمام انتظامی امور نمٹانا
- پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل، ضلعی زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں اور مقامی زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں کی تشکیل
- زکوٰۃ گرانٹس کے لیے دینی مدارس اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کا اندارج
